۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
تحصیل گڑھی یاسین، سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے خیموں کی فراہمی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام، اور شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل گڑھی یاسین، صوبہ سندھ کے زیر انتظام تحصیل گڑھی یاسین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خیمے فراہم کئے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام، اور شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل گڑھی یاسین، صوبہ سندھ کے زیر انتظام تحصیل گڑھی یاسین کے سیلاب متاثرہ علاقوں، گاؤں گلاب خان موھل، گاؤں یار محمد مائری، گاؤں سوڈل خان مائری، گاؤں حافظ آباد خروس، گاؤں نیاز علی خروس، گاؤں اگھن خان ککرانی، گاؤں چنیسر خروس، سٹی گڑھی یاسین، گاؤں جھانگی فقیر ککرانی، گاؤں فقیر گوٹھ ککرانی اور گاؤں باشک جکھرو، میں 50 متاثرین کو مکمل عزت و احترام، مسالک و مکاتب سے بالاتر ہوکر اور استحقاق کے پیش نظر، محترم رضاکاروں نے 50 خیمے، متاثرین کے زمین بوس مکانات کے قریب اور جائے پناہ پر نصب کر کے دئیے۔

تمام تر قلتِ وسائل کے باوجود، گذشتہ 5 ماہ سے ملک کے طول و عرض میں بالخصوص سندھ و بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری ہیں اور رضاکاران اور کارکنان شب و روز امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں جبکہ انہیں ناہموار اور دشوار گذار راستوں کو بھی عبور کرنا پڑتا ہے۔

الحمدللہ، ضلع شکارپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 500 سے زائد متاثرہ گھرانوں کو اشیائے خورد و نوش اور مچھر دانیاں ان کی خدمت میں پیش کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ تحصیل گڑھی یاسین کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تبرک امام حسین علیہ السلام بھی فراہم کیا گیا تھا،اور 50 ترپال(سائبان) بھی متاثرین تک پہنچائی گئیں تھی اور اب 50 خیمے متاثرین کو نصب کرکے دئیے گئے ہیں۔

تحصیل گڑھی یاسین میں، قائد محترم کی سرپرستی میں فراہمی آب، مستحقین کے مکانات اور بنیادی ضروریات کی تعمیرات کی گئیں ہیں، محرم الحرام میں عشروں کا انعقاد، ماہ رمضان المبارک میں تبلیغاتی سینٹرز کا قیام اور دیگر شعبوں میں سارا سال فعالیت انجام پذیر ہوتی رہتی ہے۔

رب کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ بحق معصومین علیہم السلام، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنی تائیدات سے سرفرازی نصیب فرمائے اور ہمیں ان کی اطاعت کرنے کی بھی توفیق نصیب فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین یارب العالمین

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .